ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں 20 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی

Published On 08 October,2020 10:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 20 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سٹیٹ بینک نے 58 کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضوں کی اقساط ادا کی جبکہ ایک ہفتے میں سٹیٹ بینک کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 30 کروڑ ڈالر ملے۔

اعلامیہ کے مطابق سٹیٹ بینک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب 15 کروڑ ڈالر رہ گئے۔ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 35 کروڑ ڈالرکی سطح پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بینک کا کمرشل بینکوں میں وفاقی وزارتوں اور ماتحت اداروں کے اکاونٹس بند کرنے کا حکم

دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان نے سنگل ٹریزری (ایک اکاؤنٹ) سے متعلق نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاق کی تمام وزارتوں، ڈویژنز، ملحقہ شعبہ جات اور ماتحت دفاتر کو کمرشل بینکوں میں سرکاری اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

سٹیٹ بینک نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ تمام وزارتیں اور محکمے کمرشل بینکوں سے رقوم کو اسٹیٹ بینک کے سنٹرل اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔ تمام کمرشل بینک 7 دن کے اندر بینک اکاؤنٹ بند کرنے کی کارروائی کریں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں میں رکھی گئی وفاقی وزارتوں اور محکموں کی رقوم ایک ہزار400 ارب روپے سے زائد ہے۔ وفاقی اداروں کی رکھی رقوم مجموعی کھاتوں کا 9 فیصد ہے۔