لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 468.64 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ایف اے ٹی ایف کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھے جانے کے فیصلے کے بعد سرمایہ کار زبردست انداز میں ٹریڈنگ حصہ لے رہے تھے، جس کے باعث گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 500 پوائنٹس سے زائد کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، اس کا تسلسل آج صبح پہلے گھنٹے کے دوران دیکھنے کو ملا اور انڈیکس 41922.19 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تاہم غیر یقینی صورتحال کے باعث پورے روز میں اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا اور 100 انڈیکس 468.64 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41381.83 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.12 فیصد کی تنزلی ریکارڈ کی گئی اور 30 کروڑ 54 لاکھ 60 ہزار 502 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 50 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔