لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے حفیظ سینٹر متاثرین کی امداد کے لیے 2 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا پلان بنا لیا ہے۔ کمشنر آفس نے حفیظ سینٹر کے نقصان کی ازالہ رپورٹ کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دکان کے بدلے دکان دینے کا ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے۔ حفیظ سینٹر متاثرین بحالی پروگرام کے تحت نقصان کا تخمینہ 2 ارب تک لگایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت متاثرین کو پنجاب بینک سے فنانسنگ کرانے کی سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب روزگار سکیم کے تحت 5 فیصد مارک اپ پر سافٹ لون دیا جائے گا۔ سافٹ لون کا 8 فیصد حکومت پنجاب سبسڈی کے طور پر برداشت کرے گی۔
آئی ٹی ٹاور کی 135 دکانوں کی نشاندہی کرکے متاثرین کو آفر کر دی گئی ہے۔ متاثرین چاہیں تو فوری طور پر دکان کے بدلے دکان حاصل کر سکتے ہیں۔ آسان شرائط پر فراہم کیے گئے قرضہ کی مدت 5 سے 8 سال تک ہوگی۔
حفیظ سینٹر کی متاثرہ دکانیں بھی اصل مالکان کی ملکیت ہی رہیں گی۔ حفیظ سینٹر ریلیف پیکج پر حفیظ سینٹر کے دونوں گروپس کو آن بورڈ لیا جا چکا ہے۔
جھلسنے والے سامان کی خریداری کیلئے متاثرین کو مائیکرو فنانس سہولت دی جائے گی۔ پیکج کا اعلان وزیراعظم عمران خان یا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جلد کریں گے۔