خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس، مدرسہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

Published On 27 October,2020 09:16 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی نے پشاور کے مدرسہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے تھرٹ لیٹر جاری کرنے کی بجائے دہشتگردوں کو روکنے کے اقدامات اٹھائیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں تعلیمی اداروں سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئیں لیکن کسی بھی سفارش پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔ سکیورٹی ادارے متنبہ کرنے کیساتھ دہشتگردوں کے مقاصدکو روکنے کیلئے پیشگی اقدامات بھی اٹھائے۔

صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر پر بھارت کے غاضبانہ قبضے کے 73 سال مکمل ہونے پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں واضح کیا گیا کہ پوری قوم قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت کے قبضے اور حالیہ آئینی ترامیم کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں جیل خانہ جات سے متعلق ترمیمی بل کو بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایوان کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں معذور افراد کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔