لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں پانچ سو روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 12 ربیع الاوّل کی چھٹی کی وجہ سے ملک بھر میں تعطیل تھی جس کی وجہ سے مارکیٹیں بند رہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 7 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں نئی قیمت 1 ہزار 879 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 500 روپے اضافہ کے بعد 1 لاکھ 12 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونے کی قیمت میں 428 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اورنئی قیمت 96 ہزار 108 روپے ہو گئی ہے۔
مزید برآں فی تولہ چاندی اور دس گرام چاندی کی قیمت میں بالترتیب 30 روپے اور 25.72 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمتیں 1200 روپے اور 1028.80 روپے ہو گئی ہے۔