فیصل آباد: (دنیا نیوز) رواں سال موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کی وجہ سے ڈرائی فروٹ خریدنا عام آدمی کے بس میں نہیں رہا۔ دکاندار کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا۔
ڈرائی فروٹ موسم سرما کی سوغات ہے جسے توانائی بحال رکھنے اور بیماریوں سے محفوظ رہتے ہوئے قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔فیصل آباد میں ڈرائی فروٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ چلغوزہ 6000 ، کاجو 2400، پستہ 1600، بادام گری 1500، اخروٹ اور خوبانی 600 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دکاندار کہتے ہیں سرد موسم میں ڈرائی فروٹ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ کورونا کے باعث بارڈرز بند ہونے سے بھی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ شہری کہتے ہیں حکومتی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے بھی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔