پاکستان کو قرضوں کی واپسی میں 1 ارب 69 کروڑ ڈالر کا ریلیف مل گیا

Published On 24 November,2020 01:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے بعد سے اب تک پاکستان کو جی ٹونٹی ملکوں سے قرضوں کی واپسی میں1 ارب 69 کروڑ ڈالر کا ریلیف مل چکا ہے۔ جون 2021 تک مزید 80 سے 90 کروڑ ڈالر کا ریلیف متوقع ہے۔

جی ٹونٹی ممالک کی جانب سے پاکستان کو بڑا قرض ریلیف، پاکستان کو مجموعی طور پر اڑھائی ارب ڈالر کی سہولت ملے گی، آئندہ ماہ با قاعدہ معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔ جی 20 ممالک کے ریلیف سے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں پر دباؤ کم ہوگا اور ڈالر کی قدر بھی مستحکم ہوگی۔

اس سے قبل مئی سےدسمبر 2020 تک پاکستان نے چین سے 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، امریکا سے 12 کروڑ 83 لاکھ ڈالر، فرانس سے 17 کروڑ اور جرمنی سے 8 کروڑ 61 لاکھ ڈالر، سویڈن سے ایک کروڑ 44 لاکھ اور کینیڈا سے 80 لاکھ ڈالر کا قرض ریلیف حاصل کیا تھا۔ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو 2.84 کروڑ ڈالر منتقل کیے تھے، ان معاہدوں کے بعد پاکستان کویہ فنڈز واپس کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔