لاہور: (روزنامہ دنیا ) اداکارہ وینا ملک نے اسد خٹک کو بچوں سے ملاقات کی پیش کش کی ہے ،وینا کے وکیل کا دعوی ہے کہ اسد خٹک نے تاحال پیش کش کا جواب نہیں دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ وینا ملک کے قانونی مشیر تنویر کھوکر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ میں نے اسد بشیر خٹک سے رابطہ کرکے انہیں مشورہ دیا ہے اگر وہ اپنے بچوں کی کفالت کے لئے تیار ہیں تو ان کی ملاقات بچوں سے ہوجائے گی لیکن تاحال انہوں نے پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا۔
تنویر کھوکر نے گفتگو میں مزید بتایا کہ میں اور میری کلائنٹ وینا ملک ہر ممکن طریقہ سے معاملہ کو سلجھانے کی کوشش کررہے ہیں، ہم دونوں نے کسی بھی مقام پرقانون اور اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔اسد بشیر خٹک اپنے بچوں کی کفالت کے قانونی طور پر ذمہ دار ہیں میری ذاتی رائے میں ان کو بچوں سے زیادہ دولت سے پیار ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ تین سال تک کبھی خاموش نہ رہتے۔
قبل ازیں اداکارہ وینا ملک نے اپنے سابق شوہر اسد خٹک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کروائی تھی جس میں دعوی کیا تھا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے۔ کردار کشی، بلیک میلنگ اور جھوٹے الزامات کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
واضح رہے کہ وینا ملک اسد خٹک سے خلع لے چکی ہیں، دونوں کی شادی 25 دسمبر 2013 کو ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں جن کی حوالگی کے معاملے پر دونوں کا تنازع چل رہا ہے۔