سندھ: ایکس مل قیمت میں 17 روپے کمی کے باوجود مارکیٹ میں چینی 100 روپے کلو تک فروخت

Published On 26 November,2020 12:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں ایکس مل قیمت میں 17 روپے کلو کمی کے باوجود کراچی میں ریٹیل مارکیٹ میں چینی بدستور 100 روپے کلو تک صارفین کو فروخت کی جا رہی ہے۔

سندھ میں گنے کی کرشنگ کا سیزن شوگر ملوں میں زور و شور سے جاری ہے اور نئی چینی مارکیٹ میں آنے کے بعد ایک ماہ میں چینی کی ایکس مل قیمت 99 سے کم ہوکر 83 روپے کلو ہوچکی ہے۔ انڈسٹری ذرائع کے مطابق صوبے میں ملیں کاشت کار سے 270 روفی من کے حساب سے گنا خرید رہی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایکس مل قیمتوں میں کمی کے اثرات ہول سیل پر دیکھے جارہے ہیں جہاں چینی 86 روپے کلو فروخت ہورہی ہے البتہ ریٹیلرز قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے سے کترا رہے ہیں جہاں چینی بدستور 100 روپے کلو تک بک رہی ہے۔

دوسری جانب شہر بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے امپورٹڈ چینی 68 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ امپورٹڈ چینی باریک ہوتی ہے لیکن اس کا ذائقہ مقامی دانے دار چینی جیسا ہی ہوتا ہے۔
 

Advertisement