کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم حسین بنا دیا

Published On 25 November,2020 10:27 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم حسین بنا دیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے 26 اور 27 نومبر کو تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔ شہر قائد میں رات اچانک بادل برس پڑے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سےموسم ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔ گلشن معمار، نارتھ کراچی، سعدی ٹاون، سرجانی ٹاون، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، شاہراہ فیصل، کلفٹن، لیاری، پی ای سی ایچ ایس سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

دوسری جانب بارش برستے ہی کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا۔ ملیر، کالا بورڈ، سہراب گوٹھ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، لیاری، گارڈن، سعود آباد اور گلشن اقبال سمیت مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ بجلی منقطع ہونے کے سبب شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کچھ گھنٹے بعد بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی۔
 

Advertisement