گوجرانوالہ : (دنیا نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گوجرانوالہ ریجن میں گیس کم پریشر کی شکایات دور کرنے کے لیے 2020 میں 40 کلومیٹر نئی پائپ لائن بچھائی تاہم گیس کے کم پریشر کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔
گوجرانوالہ ریجن میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے پانچ لاکھ 68ہزار صارفین ہیں۔ کمپنی نے 2020میں صارفین کو گیس کی فراہمی کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے۔ ریجن کے جن علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی شکایات تھیں وہاں چھ قطر کی نئی پائپ لائن ڈالی گئی ہے۔
کمپنی نے رواں سال زیر زمین گیس لیکج کو درست کر کے یو ایف جی میں دو فیصد کمی کی جس سے اکثر علاقوں میں گیس کی فراہمی میں بہتری آئی ہے تاہم شہری ابھی بھی گیس کے کم پریشر کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں۔
سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ بوسیدہ لائنوں کو ختم کر کے 80 کلو میٹر نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی تاکہ صارفین کی شکایات کا ازالہ ہوسکے۔