لاہور: (دنیا نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام مزید مہنگائی کے بھنور میں، عوامی سواری خاص ہونے لگی۔ موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، خریدار اور ڈیلر دونوں ہی قیمتوں میں اضافے سے بلبلا اٹھے۔
نئے سال کے آغاز میں ہی مہنگائی کا جھٹکا، عوامی سواری عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگی۔ سڑکوں پر سب سے زیادہ نظر آنے والی موٹر سائیکل 70 سی سی 1600 روپے مزید مہنگی کر دی گئی۔ قیمت 77 ہزار900 روپے سے بڑھ کر 79 ہزار500 روپے ہوگئی۔ نوجوانوں کی من پسند موٹر سائیکل 125، 2000 روپے اضافہ کے بعد نئی قیمت کے ساتھ 1 لاکھ 31 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ پہلے ہی مہنگائی کے مارے عوام موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے پر پھٹ پڑے، کہتے ہیں اب عوامی سواری عوامی نہ رہی۔ کچن چلائیں یا سواری خریدیں۔
صوبائی درالحکومت کی مرکزی موٹر سائیکل مارکیٹ میکلوڈ روڈ پر ڈیلرز اور مارکیٹ عہدیدار بھی پریشان ہیں، بولے کاروبار سکڑ چکا، خریدار مہنگائی کی زد میں ہیں، سیلز نہ ہونے کےبرابر ہے۔ ایک سال کے دوران 70 سی سی موٹر سائیکل 6000 روپے تک جبکہ 125 9400 روپے مہنگی ہونے سے خریداروں میں مایوسی کی لہر چھاگئی ہے۔