اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کیا جائے تا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف زیادہ راغب ہوں۔
ان خیالات کا اظہار سعودی سفیر نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سعودی عرب کو 1 بلین ڈالر واپس کرکے قرض کا بوجھ اتار دیا
خطاب کے دوران سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کمرشل اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ پاکستان بہتر معاشی ترقی حاصل کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو زیادہ اجاگر کیا جائے تا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف زیادہ راغب ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پاکستان کی مثبت چیزوں کو زیادہ اجاگر کرے جس سے بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں پایا جانے والا غلط تاثر دور ہو گا اور پاکستان کی حقیقی معاشی صلاحیت سے بہتر استفادہ کیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سفیر نواف بن سعید المالکی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے، سعودی عرب پاکستان کو ایک تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان پوری امت مسلمہ کے لئے بہت اہم ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بہت خوشگوار تعلقات قائم ہیں، لیکن تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر کی باہمی تجارت دونوں کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے،اس کو بہتر کرنے کے لئے دونوں طرف سے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب محدود اشیاء میں تجارت کر رہے ہیں اور بہتر نتائج حاصل کرنے کے لے مزید اشیاء کی تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پالیسی نہیں بدلی، پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیج رہے: سعودی سفیر
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہت سی اعلی معیار کی مصنوعات بشمول حلال فوڈ پروڈکٹس،فارماسوٹیکلز، ٹیکسٹائل، آلات جراحی، چاول، پھل، ڈیری مصنوعات، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، فنانشل سروسز، انشورنس اور آئی ٹی سروسز اور دیگر سعودی عرب کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہے لہذا سعودی عرب پاکستان سے ان مصنوعات کی درآمد پر توجہ دے۔