لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیاسی ہلچل اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق ہونیوالی سماعت کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کار محتاط ہو گئے جس کے باعث ایک مرتبہ پھر 247.16 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران صبح دس بجے کے قریب تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، اس تیزی کی لہر دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملی اور انڈیکس 46358.08 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔
تاہم جمعہ کے وقفے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ مندی نے ڈیرے ڈال لیے جو کاروبار کے اختتام تک رہی۔ 100 انڈیکس 247.16 پوائنٹس گر گیا جس کے باعث 46 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر گر گئی اور انڈیکس 45808.36 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.54 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 19 کروڑ 96 لاکھ 56 ہزار 469 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔