جون 2021ء میں درآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

Published On 13 July,2021 08:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جون 2021 میں مجموعی درآمدات کسی بھی ایک مہینے میں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح چھ ارب اٹھائیس کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالرز رکارڈ کی گئیں، جون میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹرولیم گیس سمیت سویا بین کی درآمدات میں بڑا اضافہ ہوا۔

وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق جون میں سالانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات چون فیصد اضافے کے بعد ایک ارب 79 کروڑ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020ء میں چین سے درآمدات کا حجم ایک ارب 23 کروڑ ڈالرز تھا۔ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے درآمدات میں 122 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات 65 کروڑ 87 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020ء میں یواے ای سے درآمدات 29 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز تھیں۔

اسی طرح جون 2021 میں برازیل سے درآمدات 92 فیصد اضافے کے بعد 31 کروڑ 43 لاکھ ڈالرز رہیں اور جون 2020ء میں برازیل سے درآمدات 16 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز تھیں۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ انڈونیشیا سے درآمدات میں 90 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم 30 کروڑ 77 لاکھ ڈالرز رہا جو جون 2020ء میں 16 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز تھا۔ جون 2021ء میں سعودی عرب سے درآمدات 338 فیصد اضافے کے بعد 30 کروڑ 74 لاکھ ڈالرز رہیں جبکہ جون 2020ء میں سعودی عرب سے درآمدات کا حجم 7 کروڑ ڈالرز تھا۔

دستاویز کے مطابق جون میں سالانہ بنیادوں پر اومان سے درآمدات میں 23 فیصد، کینیا 28، کینیڈا 7، بلجیم 30 اور سوئٹزر لینڈ سے درآمدات میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
 

Advertisement