تیسرا ون ڈے: بابر اعظم کی سنچری، پاکستان کا انگلینڈ کو 332 رنز کا ہدف

Published On 13 July,2021 04:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 332 رنز کاہدف دیدیا۔ بابر اعظم نے اپنے کیریئر بیسٹ 158 رنز کی اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں ہونے والے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے تیسرے ون ڈے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی بیٹنگ:

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، فخر زمان مسلسل تیسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور محض 6 سکور بنا کر ثاقب محمود کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

 اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے 127 گیندوں پر 92 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی جس کا خاتمہ پارکنسن نے کیا۔ امام الحق 56 سکور بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس دوران بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 14 ویں سنچری بنائی، انہوں نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر 120 گیندوں پر 179 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ اس شراکت داری کا اختتام فاسٹ باؤلر کارس نے کیا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کی اننگز کا خاتمہ 74 سکور پر ہوا۔

دیگر بیٹسمینوں میں بابر اعظم 158، صہیب مقصود 8، حسن علی4، فہیم اشرف 10، شاداب اور شاہین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 331 رنز بنائے۔ کارس نے 5 جبکہ ثاقب محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی سکواڈ:

بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، صہیب مقصود، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی، حارث رؤف

انگلش سکواڈ:

فل سالٹ، ڈیوڈ مالان، زاک کرالے، جیمز وینس، بین سٹوکس، جان سمپسن، گریگورے، اورٹن، کارس، ثاقب محمود، پارکنسن

میزبان ٹیم انگلینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

کارڈف میں کھیلے گئے پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو 9 وکٹوں اور لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں 52 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔

Advertisement