ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، شنیرا نے منال خان اور انکے منگیتر کو کھری کھری سنا دی

Published On 13 July,2021 04:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے اداکارہ منال خان اور ان کے منگیتر کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کھری کھری سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق منال خان نے چند روز قبل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اور ان کے منگیتر گاڑی میں کہیں جارہے ہیں۔ احسن گاڑی چلاتے ہوئے منال خان کی ویڈیو بنارہے ہوتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں ہمارے لیے ایک گانا گاؤ۔

منال خان تھوڑا سوچ کر بچوں کا مقبول گانا ’’بے بی شارک‘‘ گانا شروع کردیتی ہیں تاہم گاڑی میں ڈرائیونگ کے دوران منال خان نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے منال خان کی اس ویڈیوکو خاصا پسند کیا تھا اور انہیں کیوٹ قرار دیا تھا۔

تاہم منال خان اور احسن محسن کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر شنیرا اکرم نے دونوں کی توجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کروائی ہے۔

شنیرا اکرم نے منال خان کی ویڈیو انسٹا سٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ دونوں مشہور ہیں اور آپ دونوں کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں کیا آپ دونوں کے لیے تھوڑا سا زیادہ ذمہ دار ہونا بہت مشکل ہے؟

شنیرا اکرم نے مزید لکھا کہ ڈرائیونگ کرتے وقت اپنی سیٹ بیلٹ باندھیں اور اپنی نظریں روڈ پر رکھیں۔ معاف کرنا لیکن یہ گانا اس وقت بالکل بھی کیوٹ نہیں لگے گا جب منال خان اسے اسپتال میں گارہی ہوں گی۔
 

Advertisement