پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو روکا نہ جا سکا، ایک ہی دن میں آٹے کی 85 کلو کی بوری کی قیمت میں 400 روپے کا اضافہ ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں اسپیشل فائن آٹا بھی غائب ہو گیا۔
پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اوپن مارکیٹ میں چند روز قبل 85 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 5 ہزار200 روپے تھی، جو اب اضافے کے بعد 5 ہزار600 روپے ہو گئی ہے، شہری کہتے ہیں ایک ہفتے کے دوران قیمتوں میں اضافہ ہوا، آئے روز مہنگائی بڑھنے سے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پشاور میں آٹے کی سب سے بڑی مارکیٹ اشرف روڈ پر 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 150 روپے کا اضافہ ہوا ہے جو 1100 سے بڑھ کر 1250 روپے ہوگئی ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گندم کا کوٹہ فراہم نہیں کیا گیا، پرائیویٹ گندم مہنگی خریدنے سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ نہ ملنے سے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔