خیبرپختونخوا حکومت کا سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سالٹ اینڈ جپسم سٹی بنانے کا فیصلہ

Published On 12 October,2021 09:14 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کیلئے صوبائی حکومت نے لائحہ عمل طے کرلیا، صوبے میں سالٹ اینڈ جپسم سٹی بنایا جائے گا، سرمایہ کاری سمیت صوبے کی ایکسپورٹ بڑھے گی اور نئی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جائے گا۔

 

خیبر پختونخوا میں پائے جانیوالے نمک اور جپسم سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے اہم قدم اٹھا لیا، ضلع کرک میں سالٹ اینڈ جپسم سٹی قائم کیا جا رہا ہے۔ قدرتی معدنیات کے فروغ کے لیے سالٹ اینڈ جپسم سٹی میں 150 سے 200 تک صنعتی یونٹس لگائے جائیں گے، نئی ٹیکنالوجی کی تنصیب کی جائے گی جس سے روزگار کے مواقع بڑھنے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بھی فروغ حاصل ہو گا، حکام کے مطابق سرمایہ کاری کے بھی بہترین مواقع میسر ہوں گے۔

صوبے کے صنعتکاروں نے بھی صنعتی شہر کے قیام کو خوش آئند قرار دیا، صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خاتمے کےلیے حکومت کواس سلسلے میں جلد اقدامات اٹھانے چاہیئں۔

صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے مطابق صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لیے حکومت کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بھی فراہم کرنی چاہیئں۔

 

Advertisement