ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں کاشتکار تنظیموں نے کھاد، بیج اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کسان مارچ کا اعلان کر دیا، پہلے مرحلے میں مختلف اضلاع میں احتجاج جبکہ دوسرے مرحلے میں اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف دو کروڑ ٹن مقرر کیا گیا ہے لیکن کھاد بحران اور قیمتوں میں خودساختہ اضافے کے باعث کاشتکاروں کی قوت خرید کم ہونے پر فصل کی پیداوار میں 10 فیصد تک کمی کا امکان ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں حکومت نے مختلف بیجوں، بجلی اور چارہ جات کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں جس پر کاشتکار تنظیموں نے گندم کی امددای قیمت بائیس روپے من مقرر کرنے اور دیگر مطالبات کے حصول کیلئے چودہ فروری کو بے زبان حیوان، بے بس کسان مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔
کاشتکاروں کے احتجاج پر سیکرٹری زراعت کی منطق ہے کہ حالیہ بارشوں سے گندم کی فصل کے حوالے سے کھاد بحران کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو چکا تاہم بیج اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر کاشتکار احتجاج کی بجائے آلو اور مکئی کی کاشت پر توجہ دیں۔
فروری کے آخری ہفتے میں کسان مارچ کے شرکا اسلام آباد پہنچ کر دھرنا دیں گے جس کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔