ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں گزشتہ چار سال سے کارڈز اور کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس کی فراہمی تعطل کاشکار ہے جس کی وجہ سے ایکسائز آفس میں شہریوں اور عملے کے مابین تلخ کلامی کے واقعات بھی کافی حد تک بڑھ گئے ہیں۔
ملتان میں پینڈنگ نمبر پلیٹس اور کارڈز کی تعداد پونے دو لاکھ تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہوں پر چالان کی صورت میں شہریوں اور ٹریفک وارڈنز کے مابین تلخ کلامی کے واقعات بھی کافی حد تک بڑھ گئے ہیں جبکہ ایکسائز آفس میں نمبر پلیٹس کے حوالے سے صورتحال گزشتہ چار سالوں سے جوں کی توں ہے جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لے کر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کے حکام کا موقف ہے کہ نمبر پلیٹس کی پرنٹنگ میں مسائل کے باعث شہری خوار ہو رہے تھے لیکن پرنٹنگ کا عمل دوبارہ شروع ہونے سے پنتالیس ہزار نمبر پلیٹس موصول ہو چکی ہیں جن کو جی پی او کی مدد سے گھر گھر پہنچانے کا آغاز کر دیا ہے۔
نمبر پلیٹس کے حوالے سے ایکسائز آفس میں ٹال مٹول کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت ہی پریشان ہے۔