لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے ہونے لگا، امریکی کرنسی کے مقابلے میں ملکی کرنسی بدترین گراوٹ کا شکار ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپیہ 14 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 184 روپے 9 پیسے سے بڑھ کر 185 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/1ZlyJ2Pj9h pic.twitter.com/mIwklYolbe
— SBP (@StateBank_Pak) April 5, 2022
یکم مارچ سے اب تک انٹربینک مں ڈالر کی قیمت 7 روپے 76 پیسے بڑھ چکی ہے جس کے باعث بیرونی قرضوں کے بوجھ میں مزید ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ رواں مالی سال میں اب تک ڈالر کی قیمت میں 27 روپے 69 پیسے کا اضافہ ہوا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں جاری سیاسی ہلچل، قرض و سود کی ادائیگی، درآمدات کے لئے ڈالر کی طلب کے باعث ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری ہے۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 26.03 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43928.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.06 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔