لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ا یف) کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچنے کی خبریں آنے کے بعد روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں بڑی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روزکے دوران ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 75 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 206 روپے 87 پیسے سے کم ہو کر 205 روپے 12 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/XD8RupZZha pic.twitter.com/7bhLikDRly
— SBP (@StateBank_Pak) June 29, 2022
گزشتہ چند روز کے دوران انٹربینک میں ڈالر بلند ترین سطح سے 6 روپے 81 پیسے سستا ہوا، انٹربینک میں ڈالر 22 جون کو 211 روپے 93 پیسے کی بلند ترین سطح پر تھا۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں ایک روپیہ کمی ریکارڈ کی گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 206 روپے پر پہنچ گیا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح سے 9 روپے سستا ہوا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 22 جون کو 215 روپے کی بلند ترین سطح پر تھا۔
اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 467.89 پوائنٹس کی بدترین مندی دیکھی گئی، 100 انڈیکس 41 ہزار 297.73 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.12 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔ آج کاروبار میں 7 کروڑ 89 لاکھ 47 ہزار 560 شیئرز کا لین دین ہوا، ٹریڈنگ میں بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔