ڈالر بے لگام، روپے کے مقابلے امریکی کرنسی نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

Published On 21 July,2022 04:20 pm

کراچی:(دنیا نیوز) ڈالر بے لگام ہوگیا، روپے کے مقابلے امریکی کرنسی نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔

ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بدترین گراوٹ کا تسلسل جاری ہے، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی کی قیمت 228 روپے تک جاپہنچی تھی۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 8 پیسے مہنگا ہونے سے امریکی کرنسی 227 روپے پر فروخت ہوئی تھی۔

انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ نواسی پیسے مہنگا ہوا اور 226 روپے 81 پیسے پر بند ہوا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہونے کے بعد 228 روپے 50 پیسے میں فروخت ہوا۔

معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بے لگام گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، روپے کی بے قدری کی وجہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام کی صورتحال کے درمیان مارکیٹ کا معاشی رہنمائی سے محروم ہونا ہے۔

مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لیے ملک میں سیاسی استحکام ضروری ہے اور مارکیٹ کو عام انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف یا مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت حکمراں اتحاد کی جانب سے کچھ رہنمائی کی ضرورت ہوگی۔

روپے کی قدر میں گراوٹ میں تیزی ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ منفی کیے جانے، یورو بانڈ کی پیداوار میں اضافے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے کوئی فعال سپلائی نہ ہونے کے بعد ہوئی ہے۔

  ادھر اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، انڈیکس چھ سو ستائیس پوائنٹ کمی کے ساتھ اکیس ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا، انتالیس ہزار آٹھ سو اکتیس پر بند، چار روز کے دوران دوہزار اکتیس پوائنٹ کی کمی، سرمایہ کاروں کے تین سو بیس ارب روپے ڈوب گئے۔