حکومت کا بڑا یوٹرن، تاجروں سے فکسڈ ٹیکس کی وصولی ختم کر دی

Published On 04 August,2022 09:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے تاجروں سے فکسڈ ٹیکس کی وصولی ختم کر دی ہے۔ مذاکرات کے بعد بجلی کی بلوں پر ٹیکس ایک سال کیلئے ختم کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیر توانائی خرم دستگیر نے مشترکہ جاری بیان میں کہا کہ بجلی کے کمرشل بلوں پر فکسڈ ٹیکس واپس لے لیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی ہدایت پر ٹیکس وصولی ایک سال کیلئے ختم کر دی گئی ہے۔

خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری سے بجلی کے کمرشل بلوں پر فکسڈ ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا، تاجروں سے پرانے طریقہ کار پر ٹیکس وصولی کیلئے مذاکرات تین ماہ بعد کریں گے۔

خیال رہے کہ حکومت نے بجٹ میں فائلرز اور نان فائلرز تاجروں پر بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس کی مد میں ٹیکس عائد کیا تھا، 100 روپے سے 30 ہزار روپے بجلی کا بل آنے والے فائلرز دکاندار پر 3 ہزار اور نان فائلرز دکانداروں پر 6 ہزار کا ٹیکس عائد کیا تھا جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج تھی۔
 

Advertisement