اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے چھوٹی گاڑیوں کی تیاری کیلئے آلات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کر دی ہے جس کے لئے ریونیو ڈویژن نے ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایک ہزار سی سی تک نئے ماڈل کی گاڑیوں کی تیاری کیلئے آلات کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کم کر کے 15 فیصد اور ٹائر ٹیوب پر کسٹم ڈیوٹی 25 فیصد سے کم کر کے 16 فیصد کردی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے ایک ہزار سی سی تک پرانے ماڈل کی گاڑیوں کی تیاری کیلئے آلات کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی 32.5 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کر دی گئی۔
ریونیو ڈویڑن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی کی شرح میں کمی 3 سال کیلئے انجنیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی سرٹیفائڈ نئے ماڈل کی گاڑیوں کیلئے کی گئی ہے۔