پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد کا کہنا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے معیشت کی بحالی کے لیے مختلف اقدامات کئے ہیں، ایف بی آر موجودہ دور کے تقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ورلڈ کسٹمز ڈے کا تھیم ٹیکس گیپ کو ختم کرنا ہے، ٹیکس گیپ کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پہلا سال ہوگا جب ان ڈائریکٹ ٹیکس کے مقابلے میں ڈائریکٹ ٹیکس زیادہ اکٹھا ہوگا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا ڈالر کے اتار چڑھاؤ میں ایک سے زیادہ عوامل شامل ہیں، سرحدوں اور ایئر پورٹس پر ڈالرز کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فورس بڑھا دی ہے، ملک سے باہر ڈالرز ساتھ لے جانے کی حد بھی 10 ہزار سے کم کر کے 5 ہزار ڈالر کر دی ہے، وزیراعظم ہر ہفتے ڈالرز کی سمگلنگ کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہیں۔
عاصم احمد نے کہا کہ نان فائلرز کی بینک ٹرانزیکشن پر ٹیکس لگانے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور بارڈز کو تجارت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔