شیل پیٹرولیم کا پاکستان میں اپنے تمام شیئرز فروخت کرنے کا اعلان

Published On 14 June,2023 05:36 pm

کراچی : (ویب ڈیسک) شیل پیٹرولیم کمپنی نے پاکستان میں کمپنی کے تمام شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کردیا۔

ترجمان شیل پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے 77.42 فیصد حصص فروخت کردے گی اور کمپنی کا انتظام و انصرام خریدار کے حوالے کردے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شیل پیٹرولیم کمپنی کو 2022 میں ڈالر کی قدر میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے باعث بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،اس کے علاوہ برطانوی کمپنی کو واجبات کی وصولی میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث کمپنی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیل کمپنی پاکستان میں گذشتہ 75 سالوں سے کاروباری امور سرانجام دے رہی ہے، شیل کو پاکستان میں نمایاں ریٹیل فوٹ پرںٹ اور ایک مضبوط لبریکینٹس کاروبار حاصل ہے۔

ترجمان کے مطابق حصص کی فروخت میں گروپ کے دیگر کاروبار بھی شامل ہیں جن میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (PAPCO) کے 26 فیصد مالکانہ حقوق بھی شامل ہیں۔