اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔
ایکنک کے اعلامیے کے مطابق چاروں صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا، سولر منصوبے کے فیز ون پر نوے ارب روپے لاگت آئے گی، تیس ارب وفاقی پی ایس ڈی پی اور باقی فنڈز صوبے خرچ کرینگے۔
ایکنک نے پختونخوا رورل انویسٹمنٹ منصوبے کی بھی منظوری دے دی جس کے لیے عالمی بینک سے تیس کروڑ ڈالر قرضہ لیا جائے گا، سندھ سولر انرجی نظرثانی شدہ پراجیکٹ،مہمند ڈیم سے آٹھ سو میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ کو ترسیل اور کالا شاہ کاکو سے ملتان روڈ لاہور بائی پاس کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیئے: اسحاق ڈار
وزارت خزانہ کے مطابق کالا شاہ کاکو سے ملتان روڈ لاہور بائی پاس کی تعمیر کے منصوبے پر 34 ارب 44 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ 1 ارب 78 کروڑ ڈالر کی لاگت سے پولیو کے خاتمے کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا، منصوبے کیلئے فنڈنگ ڈبلیو ایچ اور یونیسف فراہم کرے گا۔