اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوسرے روز کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور مائیکرو اکنامک استحکام پر وزارتوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کی، اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر برائے ایس آئی ایف سی ڈاکٹر جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزارتوں نے کاروبار پر اثر انداز ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے پر غور کیا۔
اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے سے متعلق منصوبے پیش کئے گئے، کمیٹی نے سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور گرے و بلیک مارکیٹ کی لعنت سے نمٹنے کے لئے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا، ان اقدامات پر اتفاق رائے پر مبنی فیصلوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع پر غور کیا گیا۔
کمیٹی نے ملک کی پائیدار اقتصادی بحالی کے لئے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی ٹھوس اور پالیسی سطح کے اقدامات کی سفارش کی، ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے تیار کردہ سفارشات ایپکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری اور عمل درآمد کے لئے پیش کی جائیں گی۔