بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و چیف ایگزیکٹو مارک برسٹو کا ریکوڈک کا دورہ

Published On 12 October,2023 06:46 pm

چاغی: (دنیا نیوز) بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو مارک برسٹو کی ریکوڈک آمد، دورے کا مقصد ریکوڈک پراجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینا اور سٹیک ہولڈرزسے ملاقات ہے۔

مارک برسٹو اور ان کی ٹیم نے پراکوہ اور نوکنڈی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی، وفد نے ہمئے گاؤں میں ریکوڈک کے قائم کردہ سکول اور کمیونٹی میڈیکل سینٹر کا معائنہ بھی کیا۔

ریکوڈک ڈویلپمنٹ سائٹ پر مارک بیرسٹو نے ریکوڈک پراجیکٹ کے ملازمین سے ملاقات کی، انہوں نے کہا کہ بیرک کی پالیسی کے مطابق ملازمین کی بڑی تعداد مقامی لوگوں کی ہے، مستقل ملازمین میں تقریباً 75 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال، سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، علی مردان ڈومکی

مارک برسٹو نے کہا کہ بیرک ہماری میزبان کمیونٹیز کے لیے طویل مدتی فوائد پیدا کرے گا، بلوچستان میں پائیدار ترقی اور معاشی فوائد کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ تانبے اور سونے کے ذخائر رکھنے والے ریکوڈک منصوبے سے پیداوار 2028ء میں شروع ہو گی۔