لاہور: (دنیا نیوز) ریلوے انتظامیہ کی جانب سے تاحال تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، ملازمین نے مین لائن پر احتجاج کرتے ہوئے کراچی سے آنے والی ٹرین کو روک لیا جس کی وجہ سے چار گھنٹے تک ٹرین آپریشن بند رہا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بعد محکمہ ریلوے بھی مالی بحران کا شکار ہو گیا جس کے باعث انتظامیہ ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر دکھائی دیتی ہے، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین نے مختلف دفاتر، ورکشاپس اور انجن شیڈز میں احتجاج کیا۔
ریلوے اولڈ ڈیزل انجن شیڈ اور واشنگ لائن کے ملازمین نے احتجاجاً کام بھی بند کر دیا، مظاہرین نے کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس کو مین لائن پر روک کر دھرنا دیا، ملازمین نے احتجاج کے دوران ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی، احتجاج کے باعث پاک بزنس، قراقرم، کراچی ایکسپرس سمیت دیگر کراچی جانے والی ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہر ماہ تنخواہ لیٹ کر دی جاتی ہے، متعدد ڈیلی ویجز ملازمین کو گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں مل سکی، درجہ چہارم کے ملازمین بھی تنخواہ کو ترس رہے ہیں، ریلوے افسران کی طرف سے پیر تک تنخواہیں ادا کر نے کی یقین دہانی پر ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا۔