اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی پیک کے فیز 2 کے تحت 5 نئے کوریڈورز کے قیام کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور چین نے نئی راہداریوں پر ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات ہوئی، چینی سفیر اور احسن اقبال نے سی پیک کے فیز 2 کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، احسن اقبال نے خصوصی اقتصادی زونر کی مزید کامیابی کا خاکہ پیش کیا۔
ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق ہر اقتصادی زون کی ایک چینی صوبے کے ساتھ شراکت داری کی جائے گی، احسن اقبال نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں خصوصی کلسٹر تیار کیے جائیں گے، صنعتی گروپ اور تکنیکی مہارت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
چینی سفیر نے سی پیک پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، چینی سفیر نے خصوصی زونز کے انچارج افسران کے چین کے دورے کی بھی تجویز دی، انہوں نے کہا کہ انچارج افسران کو چینی صنعتی پارکس کا دورہ کرنا چاہئے۔