کراچی :(دنیا نیوز ) پاکستان اور جاپان کے درمیان 8.9 ملین ڈالر کے مختلف منصوبوں کے معاہدے طے پا گئے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین معاہدوں کی دستاویزات پر سیکرٹری اقتصادی امور اور جاپان کے سفیر نے دستخط کئے۔
معاہدے میں لکھا گیا کہ جاپان اقتصادی امورسے ملکر سکھر ڈویژن میں موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب کے لئے بھر پور معاونت کرے گا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ جاپان کی طرف سے سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کے معاہدے میں توسیع اور موسمی نگرانی کے ریڈار کی تنصیب کیلئے 4.5 ملین ڈالر فراہم کئے جائیں گے۔
معاہدے کے متن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 4.4 ملین ڈالر ماں اور بچے کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔
واضح رہے جاپان ماضی میں بھی پاکستان کو صحت ، تعلیم اور تجارت کے فروغ کیلئے مالی امداد کے ساتھ اپنی بھر پور معاونت فراہم کرتا رہا ہے۔