جی ڈی پی بڑھ گئی، کرنسی ریٹ کم ہوا، اچھی خبریں آنے لگی ہیں: ایس ایم تنویر

Published On 17 October,2024 06:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ و سابق صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ اچھی خبریں آنے لگی ہیں، جی ڈی پی بڑھ گئی ہے، کرنسی ریٹ کم ہوا، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج انڈیکس مسلسل بڑھ رہا ہے، برآمدات 27 ارب ڈالر سے بڑھ کر 33 ارب ڈالر ہو گئی ہیں، یہ سارے مثبت اشارے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت اور ایس آئی ایف سی بہتر کام کر رہی ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا ہے پانچ آئی پیز کو 60 ارب سالانہ بغیر بجلی بنائے مل رہے تھے، حکومت نے ان 5 آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کر دیئے ہیں، ابھی ان معاہدوں کی منسوخی سے 71 پیسے فی یونٹ نرخ کم ہوں گے، یہ بڑی بچت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید آئی پی پیز کو نوٹس جاری ہو چکے ہیں، ابھی بھی آئی پی پیز کو 1.1 ٹریلین روپے اضافی دے رہے ہیں، ہمیں اب یہ کرنا ہے کہ جو بجلی لیں گے صرف اس کے پیسے دیں گے، اگر مزید معاہدے منسوخ ہوں تو بجلی دس روپے فی یونٹ مزید سستی ہو گی۔

ایس ایم تنویر نے کہا کہ تمام اخراجات کے ساتھ بجلی نرخ 26 روپے فی یونٹ سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں، جتنا جلدی ہو سکے آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کریں مہنگی بجلی سے صنعت بند ہو رہی ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ 2025 ہماری معیشت کی بہتری کا سال ہے، بلند شرح سود کی وجہ سے 27 ارب ڈالر کے برابر رقوم بینکوں میں پڑی ہیں، شرح سود کم ہو گی تو سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔