اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال میں یورپ کے ساتھ برآمدات میں 3.8 بلین ڈالر کا قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کاوشوں سے یورپ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھ گئی ہے۔
یورپی پارلیمنٹ نے اکتوبر 2023ء میں پاکستان کو یورپی مارکیٹس میں ڈیوٹی فری رسائی فراہم کرنے کیلئے جی ایس پی پلس حیثیت کو 2027 تک بڑھانے کی منظوری دی ہے، جی ایس پی پلس سکیم ترقی پذیر ممالک کو یورپی یونین کی مارکیٹ میں ترجیحی رسائی اور بعض مصنوعات پر ڈیوٹی ٹیکس سے استثنیٰ فراہم کرتی ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں یورپی ممالک کو برآمدات میں 8.62 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، برآمدات میں ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، گارمنٹس، کاٹن مصنوعات، کھیلوں کا سامان، مشروبات، سرجیکل آلات اور قالین شامل ہیں۔
پاکستانی برآمدات 3.8 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال اسی مدت میں 3.5 بلین ڈالر تھیں، برطانیہ، نیدرلینڈز، فرانس اور جرمنی سمیت یورپی ممالک کو برآمدات میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی کامیاب پالیسیوں سے صنعتوں کو نئی سرمایہ کاری کی ترغیب اور اقتصادی ترقی کا سفر جاری ہے۔