اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹیکس وصولی کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق تنخواہ دار طبقہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا طبقہ ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 11 مہینوں میں تنخواہ دار افراد نے مجموعی طور پر 499 ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا جو کہ کسی بھی دوسرے شعبے سے زیادہ ہے۔
دیگر شعبوں سے حاصل ہونے والے ٹیکس کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ برآمدات کے شعبے سے 96 ارب 36 کروڑ روپے ٹیکس وصول ہوا۔
جائیداد کی فروخت سے 110 ارب 18 کروڑ روپے جبکہ خریداری سے 109 ارب 68 کروڑ روپے کا ٹیکس اکٹھا ہوا۔
رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں تھوک (ہول سیل) کاروبار سے 22 ارب 36 کروڑ روپے اور پرچون (ریٹیل) کاروبار سے 33 ارب 30 کروڑ روپے ٹیکس حاصل کیا گیا۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ تنخواہ دار طبقہ ملک کے ٹیکس نظام میں سب سے زیادہ حصہ ڈال رہا ہے جبکہ دیگر شعبے نسبتاً کم ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔