کراچی: (دنیا نیوز) ملکی معیشت کے اچھی خبر، کراچی پورٹ پر1600 سو ایکڑ پر جدید پورٹ سٹی کے قیام کا منصوبہ، کراچی پورٹ سٹی میں چین تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ممبر کمیٹی کے پی ٹی عبد اللہ ذکی کے مطابق پراجیکٹ کا نام کراچی کوسٹل کمپری ہینسو ڈویلپمنٹ زون رکھا گیا ہے، چین نے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے گرین سگنل دے دیا۔
عبداللہ ذکی نے کہا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے بعد اس پراجیکٹ کو بنانے کے حوالے سے تیزی آگئی ہے، کے پی ٹی کی کوشش ہے اس پراجیکٹ میں چین کے علاوہ بھی دیگر ممالک سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ میں سی پیک بزنس سینٹر، انٹرنیشنل میری ٹائم سٹی، ساؤتھ ایشیا تھیم پارک اور کنٹینرز ٹرمینل شامل ہیں۔
عبداللہ ذکی نے کہا کہ 1600 ایکڑ کے پراجیکٹ کی تکمیل میں تقریبا 6 سے 7 سال لگ سکتے ہیں، اس پراجیکٹ سے کراچی کو ٹرانس شپمنٹ کا حب بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ پر سمندر کی گہرائی 13 میٹر ہے جس کو بڑھا کر 16 میٹر کیا جائے گا، 16 میٹر ڈرافٹ کرنے سے بڑے جہاز بھی پھر یہاں باآسانی لنگر انداز ہو سکیں گے۔
عبداللہ ذکی کا کہنا تھا کہ ٹرانس شپمنٹ کے لئے سنگاپور، جبل علی اور ہانگ کانگ کی پورٹس پر بہت رش ہوتا ہے، چین کے اشتراک سے کراچی پورٹ کو ٹرانس شمپنٹ حب بنایا جائے گا۔