پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ایک لاکھ 22 ہزار پوائنٹس کی حد بحال

Published On 24 June,2025 04:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے آغاز پر ایران کی جانب سے جنگ بندی کے نفاذ کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 6316 پوائنٹ کا اضافہ ہوا جس سے 100 انڈیکس ایک لاکھ 22 ہزار 484 پوائنٹ پر پہنچ گیا ہے، سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس ٹریڈنگ 5 فیصد بڑھ گئی جس پر کاروبار ایک گھنٹے کے لیے روک دیا گیا جس کے بعد کاروبار کا آغاز ہوا تو دوبارہ تیزی کی لہر آ گئی۔

بعدازاں کاروباری روزکے اختتام بھی مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 6067 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 22 ہزار 246 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 27 ارب 11 کروڑ 71 لاکھ 96 ہزار 677 روپے مالیت کے 31 کروڑ 83 لاکھ 2ہزار 88 شیئرز کا لین دین ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس 3855 پوائنٹ کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 16 ہزار 167 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔

دوسری طرف امریکا کی سٹاک مارکیٹس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں ایک فیصد، نیسڈیک میں 0.9 فیصد اور ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج میں 0.89 فیصد کا اضافہ ہوا، سرمایہ کاروں نے جنگ کے خاتمے کو معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیا، جس سے مارکیٹوں میں بحالی کی فضا قائم ہوئی۔

ایشیا کی مارکیٹس نے بھی مثبت رجحان اختیار کیا، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2 فیصد بڑھ گیا، چین کا شنگھائی انڈیکس 1 فیصد اوپر آیا، جاپان کا نکی 225 انڈیکس میں بھی 1 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ انڈونیشیا کا آئی ڈی ایکس کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھ گیا۔