200 یونٹ والے کو 70 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے: اویس لغاری

Published On 24 June,2025 09:36 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ والے کو 70 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ایک ممبر نے’جنکو‘ کے 1300 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کے بیچنے کی بات کی بغیر کام کے ملازمین کو تنخواہ دی جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ان ملازمین کو ڈسکوز میں اکاموڈیٹ کیا، ہم نے ملازمین کی جاب سکیورٹی کو یقینی بنایا، میرا کام کمپنیاں چلانا نہیں، ٹرانسفر پوسٹنگ کرنا نہیں ہے، ہم نجکاری پر یقین رکھتے ہیں اور اس پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کریں گے

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں عقل تھی؟ 110 ارب کی اووربلنگ پچھلی حکومت کی تھی، ہم نے صارفین کو 110 ارب اوور بلنگ کے واپس کئے، بلوچستان کے ساڑھے 27 ہزار ٹیوب ویلز پر 13600 مالکان کو سولرائز سسٹم بغیر کمیشن دیا، ان کی حکومت میں کوئی انقلاب آیا تھا؟

اویس لغاری نے کہا کہ ہم نے تین سو ارب کا بوجھ کم کرنا کیا، پاور ڈویژن کی کامیابی نہیں ہے، ہم نے مستقبل میں حکومت کو بجلی کی خرید سے روک لیا ہے، خیبرپختونخوا میں 35 فیصد فیڈرزسے 100 فیصد بجلی میسر ہے، انہی کے حلقوں میں جہاں لوگ پوری پیمنٹ کرتے ہیں ان کو 100 فیصد بجلی میسر ہے اور ملتی رہے گی، کبھی ڈیرہ غازی خان کے لوگوں کو چور نہیں کہا۔