پاکستان نے کان کنی کی صنعت میں پہلا گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کر لیا

Published On 27 June,2025 12:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی کان کنی کی صنعت نے عالمی سطح پر تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلا گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کیا ہے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کامیاب پالیسیوں کے باعث کان کنی کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ’سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی‘ کو تھر میں پانی کے مؤثر استعمال پر ’الائنس فار واٹر اسٹیورڈشپ‘ (اے ڈبلیو ایس) گولڈ سرٹیفکیشن حاصل ہوا ہے۔

’اے ڈبلیو ایس‘ 2009 میں اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کے اشتراک سے قائم کیا گیا، ’اے ڈبلیو ایس‘ فریم ورک اقوام متحدہ کے ماحولیاتی اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، ’اے ڈبلیو ایس‘ سرٹیفکیشن اداروں کے ذمے دارانہ آبی استعمال کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔

دنیا میں پہلی بار کسی بھی کان کنی کمپنی کا ’اے ڈبلیو ایس‘ گولڈ سرٹیفکیشن حاصل کرنا پاکستان کی نئی تاریخ بن گئی ہے، ’سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی‘ کا جدید واٹر مینجمنٹ ماڈل عالمی سطح پر پائیداری کی مثال بن گیا ہے۔

تھر میں زرعی پروگرام اور مقامی آبادی کیلئے صفائی ستھرائی کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی جیسے تاریخی اقدامات کئے گئے۔

تھرکول منصوبے میں 23 جدید پلانٹس سے پانی کی فراہمی معاشی ترقی میں اہم سنگ میل بن گئی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی کان کنی کے شعبے میں ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیوں کے باعث شاندار پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔