لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مالی سال 25-2024ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن صحت مند پنجاب کی عملی تکمیل کے لیے محدود استعداد کار اور وسائل کیساتھ رواں مالی سال 158 فیصد چیکنگ میں اضافہ ہوا، گزشتہ برسوں کی نسبت 164 فیصد جرمانے اور 24 فیصد مقدمات میں اضافہ ہوا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ مالی سال 25-2024ء میں 12 لاکھ 35 ہزار 741 فوڈ پوائنٹس چیک، 1 لاکھ 19 ہزار 285 کو 1 ارب 52 کروڑ 24 لاکھ 78 ہزار سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
قوانین کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 300 یونٹس بند، 1344 مقدمات درج کروائے گئے، 18 ہزار 937 سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے، کارروائیوں کیساتھ اشیاء خورو نوش کی چیکنگ اور تلف شرح میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔
عاصم جاوید نے بتایا کہ 1 لاکھ 42 ہزار 114 لٹر ناقص آئل، 1 لاکھ 17 ہزار 775 لٹر ناقص پانی، بیورجز تلف ہوئی، 89.13 فیصد اضافے کیساتھ 6 لاکھ 86 ہزار کلو سے زائد گوشت تلف کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دودھ تلف شرح میں چیکنگ کی نسبت واضح کمی ہوئی، 16لاکھ 24 ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا، 55 ہزار 974 کلو غیر معیاری مصالحہ جات بھی تلف کیے گئے۔
عاصم جاوید نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اب تک 4 لاکھ 50 ہزار فوڈ ہینلڈرز کو فوڈ سیفٹی ٹریننگ دے چکی ہے، گزشتہ سال سے اب تک 1884 آگاہی سیمینار اور کیمپس لگائے گئے، مجموعی طور پر 1 لاکھ 97 ہزار 447 افراد اور 25 ہزار 624 عازمین حج کو نیوٹریشن کی ٹریننگ دی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خواتین کی اچھی صحت کے لیے ایٹ سیف ویمن کیمپین شروع کی گئی، عام آدمی کی اچھی صحت کے لیے ایٹ سیف کیمپین کا آغاز کیا گیا۔
عاصم جاوید کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ سکول نیوٹریشن پروگرام کے تحت بچوں کو فری لنچ باکس فراہم کیے جا رہے ہیں، اب تک 10 ہزار 786 بچوں کو 2 ماہ کے لیے ہیلدی لنچ باکس فراہم کئے جاچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اپنی نوعیت کا منفرد کھیلتا پنجاب نیوٹریشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے، چھوٹے بچوں کی اچھی صحت کے لیے ایٹ سیف کڈز پروگرام بھی جاری ہے۔
عاصم جاوید نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر عام آدمی تک محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔