درآمدہ چینی کیسی ہونی چاہئے؟ خیبرپختونخوا نے وفاق کو اپنے معیار سے آگاہ کر دیا

Published On 10 July,2025 05:17 pm

پشاور: (دنیا نیوز) چینی درآمد کرنے کا معاملہ، خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق کو چینی کی خریداری میں معیار سے آگاہ کر دیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عوام موٹے دانے والی چینی استعمال کرتے ہیں، چینی درآمد کرنے کیلئے اس معیار کو مدننظر رکھا جائے، دانےدار چینی نہ منگوائی گئی تو صوبے کے لوگ مسئلہ پیدا کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق صوبے میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومت کا کام ہے، کے پی کے حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی پورٹ پہنچنے پر چینی کی قیمت ایک 160 روپے فی کلو ہونی چاہئے۔

اس نرخ سے زیادہ قیمت ہونے پر صوبے میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، خیبرپختونخوا میں چینی کا ایک لاکھ 91 ہزار ٹن ذخیرہ موجود ہے، خیبرپختونخوا میں چینی کا موجودہ ذخیرہ 71 دنوں کیلئے کافی ہے۔

چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ صوبے بھر میں چینی کی قیمت کی مانٹیرنگ کر رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔