ایشیائی مارکیٹس میں بٹ کوائن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

Published On 15 August,2025 07:06 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) ایشیائی مارکیٹس میں بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار تاریخ کی بلند ترین سطح1لاکھ 24ہزار ڈالر کی حد عبور کر گئی۔

ایشیائی مارکیٹس میں بٹ کوائن کی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1 لاکھ 24 ہزار امریکی ڈالر کی حد عبور کی، یہ اضافہ امریکہ میں موافق قانون سازی اور امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کے باعث ہوا۔

جولائی میں قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بٹ کوائن کی قیمت مختصر وقت کے لیے 124،500 ڈالر سے تجاوز کر گئی، بعد ازاں قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

اس کے علاوہ بدھ کے روز امریکی اسٹاکس میں بھی بہتری دیکھی گئی، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس اور ٹیکنالوجی سے متعلق نیسڈیک انڈیکس نے رواں ہفتے نئی بلندیوں کو چھوا، جس کا اثر کرپٹو کرنسی پر بھی پڑا۔

بٹ کوائن کی حالیہ قیمت میں اضافہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحت ریگولیٹری تبدیلیوں سے بھی جڑا ہوا ہے، جو کرپٹو کے بڑے حامی تصور کیے جاتے ہیں۔