اسلام آباد: نئے قومی مالیاتی کمیشن کیلئے محاصل کا فارمولہ تبدیل کرنے کی تیاریاں

Published On 22 August,2025 10:20 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) وفاقی حکومت نے نئے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت صوبوں کو محاصل کی تقسیم کا فارمولہ تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔

ذرائع کے مطابق وفاق صوبوں کو ملنے والے 57.5 فیصد کوٹے میں کمی کی تجویز دے گا، اس سلسلے میں صوبوں سے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی تاہم اختلاف کی صورت میں 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے محاصل کا موجودہ فارمولہ تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق صوبوں کو آبادی کی بنیاد پر موجودہ 82 فیصد کوٹے میں کمی کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اس کے بجائے کم آبادی، ٹیکسیشن، کلائمیٹ چینج اور ڈویلپمنٹ کی کارکردگی کو تقسیم فارمولے کا حصہ بنانے کی سفارش بھی زیر غور ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاق کی جانب سے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ذمہ داری بھی صوبوں کو منتقل کرنے کا منصوبہ ہے، اسی طرح سالانہ ترقیاتی پلان (ADP) کو بھی صوبوں کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

نئے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے خود اقدامات کرنا ہوں گے، اس مقصد کے لیے وزارت خزانہ نے اپنے حکام کو حتمی تجاویز مرتب کرنے اور ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔