پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت سنبھلے گی مگر روپے پر دباؤ بڑھے گا: مفتاح اسماعیل

Published On 08 September,2025 02:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت سنبھلے گی مگر روپے پر دباؤ بڑھے گا۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افراط زر موجودہ مالیاتی سال کے پہلے دو مہینوں میں ساڑھے3 فیصد رہی، افراط زر آئندہ مہینوں میں 6 فیصد کے قریب رہ سکتی ہے جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار کیلئے قرضے سستے ہوں گے جس سے سرمایہ کاری بڑھے گی، معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے ملکی درآمدات بڑھے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ دباؤ کاشکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ روپیہ پہلے ہی سرکاری بجٹ خساروں اور عالمی قرضوں کی ادائیگی سے دباؤ کا شکار ہے،حکومت روپے کی قدر مستحکم رکھنا چاہتی ہے مگر روپے کی گراوٹ مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گی، روپے کی قدر پر دباؤ سے اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے دام میں دس روپے کا فرق پیدا ہوگیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا مزیدکہنا تھا کہ انٹربینک ریٹ کو مصنوعی طور پر نیچے رکھنے سے برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، ترسیلاتِ زر حوالہ ہنڈی مارکیٹ کی طرف منتقل ہورہی ہیں، حکومت قرضے لے کر ڈالر فروخت کرنے کے بجائے ایل سیز کی تاخیر جیسے اقدامات کررہی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سٹیٹ بینک کو مہنگائی کنڑول کرنے کیلئے شرح سود میں تبدیلی کے فیصلے میں توازن رکھنا ہوگا۔