افغانستان کی برآمدات میں 54 فیصد اضافہ، پاکستان سر فہرست درآمدی ملک

Published On 27 September,2025 11:36 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی بینک کی جانب سے افغانستان کی برآمدات و درآمدات پر رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان کی برآمدات میں رواں سال کی ششماہی میں 54 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جن میں سے 41 فیصد پاکستان کو برآمد کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ششماہی میں مجموعی درآمدات پچھلے سال کے چھ مہینوں کے مقابلے میں 501 ملین ڈالر سے بڑھ کر 548 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، مجموعی برآمدات کی 41 فیصد سے زائد پاکستان کو ہوئی ہیں جن میں سب سے زیادہ 73 فیصد سے زائد خوراک کی اشیا ہیں جو پاکستان اور بھارت کو سپلائی کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے خوراک کی اشیا کی طلب بڑھ گئی تھی جس کی وجہ سے افغانستان کی برآمدات میں اضافہ دیکھنے کو ملا اور مجموعی طور پر خوراک کی برآمدات کا حجم 155 ملین امریکی ڈالر ہے۔

دوسری وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ افغانستان کی 41 فیصد سے زائد برآمدات پاکستان کو ہوئی ہیں اور اس کی وجہ پاکستان اور افغانستان کے مابین جولائی میں ایک سال کے لیے دو طرفہ تجارتی معاہدہ ہے جس میں ٹیرف کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے خوراک کی اشیا کی افغانستان سے درآمدات میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن کوئلہ اور ٹیکسٹائل کی درآمدات میں کمی دیکھی گئی ہے، ٹیکسٹائل کی بات کی جائے تو گزشتہ ششماہی کے مقابلے میں رواں سال پاکستان کی افغانستان سے ٹیکسٹائل کی درآمد میں 41 فیصد کمی آئی ہے اور اس کی وجہ پاکستان کی جانب سے ٹیرف میں اضافہ ہے۔

اسی طرح پاکستان کی جانب سے کوئلے کی درآمد میں بھی 40 فیصد کمی آئی ہے اور گذشتہ ششماہی کے 6.8 ملین ڈالر سے کم ہو کر رواں سال کے چھ مہینوں میں تقریباً ایک ارب تک رہ گئی ہے، کوئلے کی درآمد میں کمی پاکستان کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سستا متبادل تلاش کرنے کی کوشش ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان کی افغانستان سے درآمدات 44 فیصد سے کم ہو کر 41 فیصد تک آگئی ہیں جبکہ بھارت کی افغانستان سے درآمدات کے حجم میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح رپورٹ کے مطابق افغانستان کی برآمدات میں اضافے کی تیسری وجہ پاکستان اور افغانستان کے مابین سرحد پر نرمی ہے، افغانستان کی درآمدات میں بھی 27 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

افغانستان کو سب سے زیادہ برآمد کرنے والا ملک ایران ہے جہاں سے 29 فیصد درآمدات ہوئی ہیں، دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات اور تیسرے نمبر پر پاکستان ہے جہاں سے زیادہ درآمدات ہوئی ہیں، اس میں سب سے زیادہ اضافہ روزمرہ استعمال کی اشیا میں ہوا ہے اور اس کی وجہ ایران اور پاکستان سے لاکھوں پناہ گزینوں کی وطن واپسی ہے۔