ایس آئی ایف سی کے تعاون سے فارما انڈسٹری اور سرمایہ کاری میں ترقی کی راہیں ہموار

Published On 26 September,2025 02:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے ملکی فارما انڈسٹری اور سرمایہ کاری میں ترقی کی راہیں ہموار ہونے لگی ہیں۔

پاکستان کی فارما انڈسٹری میں اصلاحات اور مقامی پیداوار کی عالمی مارکیٹ میں پیش قدمی سامنے آئی ہے، جس کے مطابق وزیر صحت نے فارما انڈسٹری کیلئے آئندہ 5 برس میں 30 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق فارما انڈسٹری میں گزشتہ سال کی نسبت 35 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس اضافے کے ساتھ امسال 500 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ ہوئیں، جس کے نتیجے میں فارما انڈسٹری عالمی مارکیٹ میں قدم رکھنے کیلئے ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کی طرف گامزن ہے۔

ایس آئی ایف سی کی غیر جانبدار حکمت عملی کی بدولت فارما مصنوعات کی منظوری کا عمل چند ہفتوں میں مکمل ہوگا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کاوشوں کے تحت کنگ حماد انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ کا قیام پاکستان اور بحرین کے تعلقات میں نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔

پاکستان 90 فیصد ادویات مقامی طور پر تیار کر رہا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان عالمی معیار کے مطابق فارما صنعت کی ترقی کیلئے جدید اصلاحات کر رہی ہے۔