لاہور:(دنیا نیوز) پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے کہا ہے بنگلا دیش ،ویتنام اور کمبوڈیا سے کم نہیں ، مسئلہ انرجی کا ہے ۔
صوبائی دارالحکومت میں اپٹما کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کسی سے کم نہیں، رواں سال کے دوران پاکستانیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اپٹما کی جنرل باڈی کو سلام پیش کرتے ہیں، آج امریکا بھی آپ کی سپورٹ کے لیے تیار ہے، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیوں کی بدولت یہ اعتماد بڑھا ہے، اب سوچنا ہوگا کہ ہم نے سرمایہ کاری کیسے لانی ہے؟
پیٹرن انچیف اپٹما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسئلہ صرف انرجی کا ہے جس کا ریٹ بہت زیادہ ہے، پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی استعداد 25 بلین ڈالر سے زیادہ ہے، ہم 7 بلین ڈالر کی تک ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ آپ کی ایکسپورٹ بنگلا دیش ،ویتنام اور کمبوڈیا سے کم نہیں ، مسئلہ صرف انرجی کا ہے جس کا ریٹ 11 سینٹ تک مقرر ہے، توانائی میں علاقائی ٹیرف کا اطلاق کردیں صنعتیں روزگار دیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سستی افرادی قوت ہے، دنیا خود آئے گی، ڈی ویلیوایشن سے ایکسپورٹرز کو فائدہ نہیں ہوتا ، ہمیں کاٹن کی پیداوار کو اپنی ترجیح میں شامل کرنا ہوگا، اپٹما کاٹن ریسرچ کے لیے 100 کروڑ کی فنانسنگ دینے کیلئے تیار ہے۔
پیٹرن انچیف اپٹما نے مزید کہا کہ ریسرچ صوبوں کی سطح پر ہو اور سٹیک ہولڈرز کو حصہ بنائیں، صنعتوں کا پہیہ چلے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔