اہلیان کراچی کیلئے بڑی خبر، آر گیس کے نئے کنکشن 45 روز میں لگ جائیں گے

Published On 10 October,2025 11:53 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے باسیوں کے لیے بڑی خبر، آر گیس کے نئے کنکشن 45 روز میں لگ جائیں گے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کراچی میں جمعرات کو پہلا آر ایل این جی کنکشن لگا دیا، فارم ویب سائٹ پر بھی موجود ہے، گیس کی قلت کو دور کرنے کیلئے بائیو گیس کے منصوبے پر بھی غور و فکر شروع کر دیا ہے۔

ایس ایس جی سی کے مطابق حکومت نے گیس کنکشن کی پرانی درخواستوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔

قائم مقام ایم ڈی امین راجپوت نے کہا کہ دسمبر 2021 سے قبل نئے گیس کنکشن کیلئے صارفین کو تین شرائط پرعمل کرنا ہوگا، نئے کنکشن کیلئے صارفین کو اضافی رقم ، حلف نامہ اور نیا ایگریمنٹ کرنا ہوگا۔

امین راجپوت نے کہا کہ کنکشن کیلئے صرف سوئی سدرن گیس کمپنی سے رابطہ کیا جائے، کمپنی کا کوئی آفیشل کنٹریکٹر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں مون سون کی تباہی سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، روڈ ری سٹوریشن چارجز کی مد میں میونسپل ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کو اربوں روپے فراہم کئے۔

قائم مقام ایم ڈی کا کہنا تھا کہ میونسپل ٹاؤن اور بلدیہ عظمیٰ کی ٹیموں نےمون سون بارشوں میں مایوس کیا، سوئی سدرن گیس کمپنی کو سبسڈی نہیں ملتی، صنعتکاروں کو سبسڈائزڈ گیس نہیں دے سکتے۔

امین راجپوت نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے فوکل ٹیم بنائے گی، ڈومیسٹک سیکٹر سے گیس کے عوض وصولی کرنا ایک بڑا چیلینج بن گیا ہے، ڈومیسٹک سیکٹرز میں گیس چوری کی شرح سب سے زیادہ ہے۔